فیصل آباد میں ایک گروہ کی سرگرمیوں کا پردہ چاک کیا گیا ہے جو ڈپلیکیٹ اے ٹی ایم اور ڈیبٹ کارڈ بنا کر شہریوں کے لاکھوں روپے نکالنے میں ملوث ہے۔
ایف آئی اے نے اس گروہ کے اہم کارندے کو جڑانوالہ سے گرفتار کیا، جسے اے ٹی ایم سے پیسے نکلواتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔گرفتار ملزم عاطف شہزاد کے قبضے سے مختلف بینکوں کے 64 ڈیبٹ اور اے ٹی ایم کارڈز، دو پیکٹ اور ایک موبائل فون برآمد ہوا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ گروہ بینک ملازمین کی مدد سے صارفین کا ریکارڈ حاصل کر کے ڈپلیکیٹ کارڈز تیار کرتا تھا۔ملزمان اکاؤنٹ بیلنس، دستخط، بائیو میٹرک معلومات اور اے ٹی ایم کارڈ حاصل کرتے تھے، جس کے ذریعے کروڑوں روپے غیر قانونی طور پر نکالے جا چکے ہیں۔ ملزم روزانہ لاکھوں روپے نکال کر گروہ کے سرغنہ عبدالرزاق کے حوالے کرتا تھا۔
ایف آئی اے نے اس گینگ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔