راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان کی اہلیہ، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور ہونے کے باوجود آج ان کی رہائی کا امکان ختم ہو گیا ہے۔
بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں ضمانت اور رہائی کا حکم ملنے کے بعد بھی اسلام ہائی کورٹ سے روبکار جاری نہیں ہو سکی۔ بشریٰ بی بی کے وکیل خالد یوسف نے کہا کہ جن ججز نے رہائی کی روبکار جاری کرنی تھی، وہ دستیاب نہیں ہیں۔ متعلقہ جج کے دستخط کے بعد کل رہائی کی روبکار جاری ہونے کا امکان ہے۔ جج کی عدم دستیابی کی وجہ سے بشریٰ بی بی کی رہائی کا قانونی عمل کل مکمل کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ عدالتی وقت ختم ہونے کی وجہ سے ڈیوٹی جج بھی عدالت سے روانہ ہو گئے تھے، اور اسپیشل کورٹ کے جج ہمایوں دلاور ذاتی مصروفیت کے باعث چھٹی پر ہیں، جبکہ دوسری خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین جنازے میں شرکت کے لیے گئے ہیں۔
جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کی رہائی روبکار موصول نہ ہونے کی وجہ سے آج ممکن نہیں ہے۔ ان کی رہائی کی روبکار ملتے ہی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔ سیشن جج ویسٹ کے عملے نے بھی بتایا کہ ایف آئی اے کیس کی روبکار جاری کرنا ان کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی رہائی کا حکم 10، 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض دیا تھا۔