پشاور ینگ ڈاکٹرز کے صدر اور خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ڈاکٹر مجاہد خان نے اپنے بیمار والد کو جگر کا ٹکڑا عطیہ کرکے جان بچا لی۔
پشاور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ٹرینی آفیسر ڈاکٹر مجاہد نے بیمار والد کو جگر کا ٹکڑا عطیہ کیا جو اس وقت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ لاہور میں زیر علاج ہیں۔
ڈاکٹر مجاہد کے والد کا ٹرانسپلانٹ 30 اکتوبر کو ہوا،ڈاکٹر مجاہد کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے، وہ اب روبہ صحت ہیں اور ان کے والد عبدالستار بھی صحت مند ہیں۔
ڈا کٹر مجاہد کے بھائی بہار علی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر چھوٹا بھائی ہے لیکن اس نے والد کو نئی زندگی دے کر بڑا کام کر دکھایا۔ ان کے والد کی صحت ہیپاٹائیٹس کی وجہ سے خراب رہتی تھی، گذشتہ مہینے جب مکمل ٹیسٹ کروائے گئے تو انہیں ٹرانسپلانٹ کی ہدایت کی گئی۔
والد کے جگر کے ٹرانسپلانٹ کا سنتے ہی ڈا کٹر مجاہد نے عطیہ کرنے کا ارادہ کرلیا تھا،نوجوان ڈاکٹر نے تمام نوجوانوں کے لیے مثال قائم کر دی ہے۔ ان کے بھائی نے کہا کہ پورے خاندان میں خوشی کا سماں ہے، دونوں کی صحت یابی پر سب بہت خوش ہیں۔