پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت فراہم کر دی ہے۔ چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نےیہ فیصلہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق عمر ایوب خان کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی گئی، جس میں انہوں نے مختلف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ عمر ایوب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف 21 مختلف مقدمات درج ہیں ۔
وکیل نے مزید کہا کہ عمر ایوب کو دیگر مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی قانونی پوزیشن کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ابتدائی طور پر 14 دن کی حفاظتی ضمانت دینے کا حکم دیا۔
تاہم وکیل درخواست گزار نے اس مدت کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقدمات کی تعداد بہت زیادہ ہے اور پنجاب میں سموگ کی موجودگی کے سبب عدالتوں میں پیش ہونا بھی دشوار ہو رہا ہے۔ اس پر عدالت نے عمر ایوب کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے انہیں درج مقدمات میں گرفتاری سے تحفظ فراہم کر دیا۔