وزارت مذہبی امور کو حج 2025 کے دوران فضائی سفر کے اخراجات میں کمی حاصل کرنے میں بڑی کامیابی مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال حج کیلئے ہر حاجی کو فضائی سفر پر 50 ڈالر کم ادا کرنا ہوں گے۔ گزشتہ برس وزارت مذہبی امور نے ہر حاجی کا کرایہ 850 ڈالر طے کیا تھا تاہم اس بار کرایہ میں کمی کرتے ہوئے 800 ڈالر فی حاجی کر لیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے پی آئی اے سے 35 ہزار عازمین کا کوٹہ طے کیا ہے، جنہیں پی آئی اے حج کی روانگی کے لیے لے کر جائے گا۔ سعودی ایئر لائن بھی 35 ہزار مسافروں کو حجاز مقدس روانہ کرے گی۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کمی عازمین حج کے لیے خوش آئند ثابت ہوگی اور حج کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کرے گی۔