پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ اگر چوری شدہ مینڈیٹ واپس مل گیا تو احتجاج جشن میں تبدیل ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق علیمہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور، بیرسٹر گوہر اور دیگر افراد بانی پی ٹی آئی کے پاس گئے تھے اور 24 نومبر کی احتجاجی تیاریوں پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ بیرسٹر گوہر اور گنڈاپور نے مذاکرات کے لیے عمران خان سے اجازت طلب کی تھی، جس پر عمران خان نے مطالبات پر بات چیت کی اجازت دی۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے جمعرات تک کا وقت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ بات چیت کے لیے دروازے کھلے رکھتی ہیں، اور پرامن احتجاج عوام کا آئینی حق ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رول آف لا، عدلیہ، ووٹ کی چوری اور اسیران کی رہائی پر بھی بات کی جانی چاہیے۔