جپھا ڈالنا ہے اور پریزن وین میں ڈال دینا ہے، آئی جی اسلام آباد کی پولیس جوانوں کو ہدایت

جپھا ڈالنا ہے اور پریزن وین میں ڈال دینا ہے، آئی جی اسلام آباد کی پولیس جوانوں کو ہدایت

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے آج ہونے والے احتجاج کے دوران کسی بھی بدامنی سے نمٹنے کے لیے آئی جی اسلام آباد نے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو سخت ہدایات جاری کر دیں۔

ذرائع کے مطابق آئی جی نے ہدایت دی کہ مظاہرین کو فوری قابو پانے کے لیے “جپھا ڈالنا ہے اور پریزن وین میں ڈال دینا ہے۔” یہ ہدایات ممکنہ ہنگامہ آرائی سے بچنے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے دی گئیں ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد میں ریڈ زون اور دیگر حساس مقامات پر سخت سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکنے کے لیے اضافی فورسز کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: زین قریشی، عامر ڈوگر سمیت اہم پی ٹی آئی اراکین گرفتار

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔

آئی جی اسلام آباد نے ڈی چوک اسلام آباد کا دورہ کیا اور پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی بھی شر انگیزی سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز تیار ہیں۔

علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کسی قسم کے احتجاج، ریلی یا مجمعے پر پابندی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی پلان کا مقصد شر انگیزی کو روکنا ہے اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ سکیورٹی اقدامات کے باوجود شہر میں عوامی آمدورفت کو بند نہیں کیا گیا اور اس کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں کیونکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *