اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان میں دہشتگردوں کے خلاف ائیرسٹرائیک میں بچوں کی ہلاکت سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ ائیرسٹرائیک میں ہلاکتوں کی خبریں غلط ہیں اور ایسی خبروں پر یقین نہ کیا جائے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تمام آپریشنز مہارت اور مصدقہ انٹلی جنس معلومات پر مبنی ہوتے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی پناہ گاہیں پاکستان میں بدامنی کی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے انسانی حقوق کے عزم پر قائم ہے اور افغانستان کے ساتھ بارڈر مسائل پر رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات چاہتا ہے، اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے پابند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2024 پاکستان کی ڈپلومیسی کے لیے مصروف ترین سال رہا، جس میں روس، چین، ترکیہ، سعودی عرب، آذربایجان، تاجکستان اور قطر کے ساتھ روابط قابل ذکر ہیں۔