ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ کرنے والے لوگوں کے خلاف کاروائی کی، جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری پرچھاپہ مارا گیا۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے شادمان کالونی، گجرات میں جعلی ویزے بنانے والی ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا اور دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
گرفتار ہونے والوں میں ضیاءالرحمن اور اعجاز احمد شامل ہیں جو شہریوں کو جعلی سفری دستاویزات فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ افراد پاکستان کے مختلف شہروں میں موجود ایجنٹوں کے ذریعے لوگوں کو جعلی ویزے اور دیگر دستاویزات فراہم کرتے تھے۔
چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 20 پاکستانی اور 31 غیر ملکی پاسپورٹ برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں جعلی ویزا اسٹیکرز اور دیگر دستاویزات بھی ضبط کی گئیں۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ گروہ نہ صرف جعلی ویزے اور پاسپورٹ تیار کرتا تھا بلکہ انہیں بھاری معاوضے کے عوض فروخت بھی کرتا تھا۔
شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے کے لیے یہ جعلی دستاویزات استعمال کی جاتی تھیں جس کی وجہ سے معصوم افراد اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھتے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق، گرفتار ملزمان بین الاقوامی سطح پر سرگرم انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک سے منسلک ہیں۔ ان کا کام لوگوں کو بیرون ملک بہتر مستقبل کا خواب دکھا کر دھوکہ دینا اور جعلی دستاویزات فراہم کرنا تھا۔
حکام نے مزید کہا کہ اس کارروائی کے ذریعے نہ صرف انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کی گئی ہے بلکہ معصوم شہریوں کو مزید فراڈ سے بچانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔