کراچی پولیس نے سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے،دوسری جانب راولپنڈی ٹریفک پولیس نے بھی نیو ائیرنائٹ،مڈ نائٹ اور ڈے پر ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ لاہور میں بھی آتش بازی پرمکمل پابندی عائد
پولیس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ نئے سال کی خوشی میں فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدامِ قتل کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ عوام کو ہوائی فائرنگ کے نقصانات اور اس کے قانونی نتائج سے آگاہ کرنے کے لیے شہر بھر کی مساجد میں اعلانات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ آئی جی سندھ نے واضح کیا ہے کہ سال نو پر گلیوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر سخت نگرانی کی جائے گی۔ اس کے تحت گشت، پکٹنگ، اور اسنیپ چیکنگ کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے۔
کراچی ٹریفک پولیس نے نئے سال کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی جاری کیا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت دی جا سکے اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔ پلان کے تحت اختر کالونی سے خیابان اتحاد کے ذریعے سی ویو جانے والا راستہ بند ہوگا۔ دو تلوار سے عبداللہ شاہ غازی مزار اور مزار سے 26 اسٹریٹ جانے والی سڑک بھی بند رہے گی۔ سی ویو جانے کے لیے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں جن میں 26 اسٹریٹ شامل ہے۔ پی آئی ڈی سی چوک سے کلب روڈ تک کا راستہ بھی بند ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: 2024 پنجاب میں تعلیمی اصلاحات کا نیا دور،وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے تاریخی اقداما ت