ملک میں چینی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ، جس کے باعث 50 کلوگرام چینی کا تھیلا 300 روپے تک مہنگا ہوگیا۔
قیمت میں 6روپے فی کلواضافہ ہونے سے 50 کلوگرام چینی کے تھیلے کی قیمت 6750 روپے تک پہنچ گئی ۔ ہول سیل مارکیٹ میں دوکانداروں کو چینی 135 روپے فی کلو کے حساب سے مل رہی ہے۔
دوسری جانب سینئر سیاستدان محمود مولوی نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کو افواہیں قرار دیدیا۔
سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کی سختی سے تردید کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آ ٹے کی قیمتوں میں اضافے کی افواہیں بے بنیاد ہیں اور حقائق یہ ہیں کہ کراچی میں آٹا ہول سیل میں 83 روپے فی کلو جبکہ میدہ 89 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران، آٹے کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔ اس عرصے کے دوران، مختلف مارکیٹوں میں آٹے کی قیمتیں مستحکم ہوئیں، جس سے شہریوں کو ریلیف ملا۔
اس کمی کی ایک بڑی وجہ گندم کی وافر فراہمی اور مارکیٹ میں زیادہ مسابقتی ماحول ہے، اس وجہ سے قیمتیں کم ہوئیں۔انہوں نے زور دیا کہ کچھ عناصر اس صورتحال کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں لیکن حقائق یہ ہیں کہ کراچی میں آٹے اور میدے کی قیمتوں میں واقعی کمی آئی ہے۔