پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نےکہا ہےکہ حکومت کی جانب سے یقین دہانی کے باوجود تاحال عمران خان سے ملاقات کے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا اہتمام کروانے کی یقین دہانی کروائی لیکن حکومت کی جانب سے تاحال اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سےملاقات بارے آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کو عمران خان سے ملاقات کا اہتمام کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی اور کمیٹی ان سے ملاقات میں تحریری مطالبات پر مشاورت کرے گی۔ گزشتہ روز صاحبزادہ حامد رضا نے نجی ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ اگر 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ خلاف آتا ہے تو ظاہر ہے اثرات مذاکرات پر پڑیں گے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا تھا کہ عمران خان ہماری جماعت کے قائد ہیں ان سے مشاورت کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے لیکن ان سے مشاورت کیلیے ہمیں وقت درکار ہے، حکومت سے مطالبہ کیا عمران خان سے تفصیلی مشاورت کرنے دیں۔انہوں نے واضح کیا کہ مسکرانے کی بات اس لیے کی ہے کہ عمران خان جلد باہر آ رہے ہیں، ان کی رہائی پاکستان کے قانون کے مطابق ہوگی، وہ خود بھی واضح کہہ چکے ہیں کہ بیرونی مداخلت قبول نہیں کریں گے۔
’آئین و قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا تو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں کچھ بھی نہیں، اگر کیس کا فیصلہ خلاف آتا ہے تو ظاہر ہے اثرات مذاکرات پر پڑیں گے۔‘