سابق نگران صوبائی وزیر معدنیات کی جانب سے ضلع اٹک میں سونے کے وسیع ذخائر کی دریافت کا دعویٰ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق نگران صوبائی وزیر معدنیات ابراہیم حسن مراد نے دعویٰ کیا ہے کہ اٹک میں 28 لاکھ تولہ سونے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جن کی مالیت 800 ارب روپے کے قریب ہے جو کہ امریکی ڈالر میں 2 ارب 87 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ یہ ذخائر اٹک میں 32 کلومیٹر کی پٹی پر دریافت ہوئے ہیں۔ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان نے اس انکشاف کی تصدیق کی ہے، جس سے پنجاب کے قدرتی وسائل کی زبردست صلاحیت اجاگر ہوئی ہے۔
ان کے مطابق جیولوجیکل سروے آف پاکستان نے اس سلسلے میں 127 مختلف مقامات سے نمونے اکٹھے کیے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سنگ میل پاکستان کے معدنی وسائل کی دریافت کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو نہ صرف معاشی بحالی کا باعث بنے گا بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی راہ بھی ہموار کرے گا۔