وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے گوادر پورٹ کی مکمل فعالیت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں قلیل اور درمیانی مدتی حکمت عملیوں پر غور کیا گیا تاکہ بندرگاہ کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔
وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گوادر پورٹ کو پاکستان کی معاشی ترقی کا محور بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ممبر انفراسٹرکچر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ یہ بندرگاہ پاکستان کو بین البراعظمی تجارتی گزرگاہ کے طور پر ایک منفرد حیثیت دے سکتی ہے۔ احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ گوادر پورٹ چین کے شہر شین یانگ تک مختصر ترین تجارتی راستہ فراہم کرتاہے، جو خطے میں تجارت کے نئے دروازے کھول سکتاہے۔
انہوں نے نجی شعبے کو بندرگاہ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ٹھوس تجاویز دینے کی ہدایت کی۔ مزید برآں انہوں نے وزارت بحری امور کو ہدایت دی کہ گوادر کی ترقی کے لیے جامع اور قابل عمل روڈ میپ تیار کیا جائے۔