پاکستان کے دلکش علاقے گلگت بلتستان کو 2025 کے بہترین سیاحتی مقامات میں شامل کرلیا گیا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دنیا کے 50 بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست جاری کی ہے جس میں گلگت بلتستان اپنی شاندار قدرتی خوبصورتی، بہتر سہولیات، اور محفوظ ماحول کی بدولت نمایاں رہا۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق گلگت بلتستان میں دنیا کے حسین ترین پہاڑی مناظر موجود ہیں۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے سیاحوں کے لیے جدید سہولیات، بہتر سیکیورٹی اور آسان ویزا پالیسی نے بین الاقوامی سیاحوں کو اس خطے کی جانب راغب کیا ہے۔
پاکستان نے 2024 میں 120 سے زائد ممالک کے لیے آن لائن ویزا کی سہولت فراہم کی، جس سے سیاحت میں واضح اضافہ ہوا۔ ساتھ ہی 14 روزہ گروپ ٹورز متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں 6 دن کی ایڈونچر ٹریکنگ کے علاوہ علاقے کی ثقافت اور تاریخ کو قریب سے دیکھنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی ادارے سی این این نے بھی گلگت بلتستان کو 2025 میں سیاحت کے لیے دنیا کے 25 بہترین مقامات میں شامل کیا۔ گلگت بلتستان کے اس عالمی اعتراف سے نہ صرف پاکستان کی سیاحتی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ دنیا بھر میں اس کی خوبصورتی کے چرچے بھی بڑھیں گے۔