پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مظفر آباد کا دورہ کیا، جموں و کشمیر یادگار پر پہنچنے پر انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آرمی چیف نے کشمیر میں چیلنجنگ آپریشنل حالات کے مقابلہ میں تعینات افسروں اور سپاہیوں کی غیر متزلزل لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے ان کے بلند حوصلے اور چوکسی کو سراہتے ہوئے کسی بھی دشمن اشتعال انگیزی کو روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
آرمی چیف نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتےاس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی جارحیت کا جواب دیا جائے گا، ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج پر عزم ہے۔
آرمی چیف نے کشمیری رہنماوں اور سابق فوجیوں سے ملاقات کی اور ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے لوگوں کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی مظالم اور بڑھتی ہوئی ہندوتوا انتہا پسندی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کے عزم کو مضبوط کرتی ہے، پاکستان ریاستی سرپرستی میں ہونے والے جبر کے خلاف ان کے منصفانہ اور جائز مقصد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، ’’بلا شبہ کشمیر ایک دن آزاد ہوگا اور کشمیری عوام کی آزادی اور تقدیر کے مطابق پاکستان کا حصہ ہوگا‘‘۔
قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نےان کا استقبال کیا۔