چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کپتان محمد رضوان سمیت سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں بشمول کپتان محمد رضوان کو آرام دیا جائیگا اور محمد رضوان کی غیرموجودگی میں قومی ٹیم کی قیادت شاداب خان کو سونپی جاسکتی ہے۔ قومی اسکواڈ میں 5 سے 6 نئے کھلاڑیوں کو موقع دیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔ممکنہ طور پر محمد رضوان، بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رئوف اور فخر زمان کو ٹیم سے ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔
ان کے علاوہ امام الحق، طیب طاہر اور کامران غلام کو بھی سکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کا امکان ہے۔ ان کی جگہ محمد حارث، سفیان مقیم اور عرفات منہاس کو ٹیم کا حصہ بنایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق عرفان نیازی، زمان خان ، محمد وسیم، عباس آفریدی، جہانداد خان کو بھی موقع مل سکتا ہے۔ ٹیم میں آغا سلمان، ابرار احمد، عمیر بن یوسف، حسن نواز، علی رضا اور عبدالصمد کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔
اس سے پہلے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر چئیرمین پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سلیکٹرز سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے سلیکٹرز کو مستقبل کو دیکھتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم تیار کرنے کی ہدایت کی۔