قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نومنتخب کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ہم نیوزی لینڈ میں جیتنے آئے ہیں، اچھی گیم کھیلیں گے، صائم ایوب اور فخر زمان کی کمی ضرورمحسوس ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نےکرائسٹ چرچ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فینز ہم سے خوش نہیں کیونکہ ہم نے چیمپئنز ٹرافی میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کیا ، نہ ہی ہم فینز کی توقعات کے مطابق کرکٹ کھیل سکے اور نہ ہی اپنے معیار کی کرکٹ کھیلی۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا ، نئی ٹیم ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہماری ٹیم اچھی نہیں ، سینئر بھی شامل ہیں، ٹیم میں اچھا کمبی نیشن ہے ۔ قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ہیگلے اوول گراؤنڈ کی پچ بظاہر گرین لگ رہی ہے لیکن یہاں اسپنرز کو بھی مدد ملے گی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی ٹی 20 میں کارکردگی اچھی ہے جبکہ فخر اور صائم کی کمی محسوس ہو گی ۔
دونوں ٹیم کے اہم پلیئرزہیں، دونوں تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور ہمیں پوری امید ہے کہ آنے والی سیریز میں دونوں ٹیم کو دستیاب ہوں گے ۔ سلمان علی آغا کا مزید کہنا تھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی پاکستان کرکٹ کیلئے بڑی خدمات ہیں، اب نیا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پہلے میچ کیلئے 11رکنی اسکواڈ کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔