سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں کمی کرکے عوام کو عید کا تحفہ دیا ہے، اب عوام کو ہر ماہ بجلی کی قیمتوں میں ریلیف ملے گا۔
مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو عید کا تحفہ دیا، انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کسی معجزے سے کم نہیں کیونکہ آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینا بڑا کام ہے۔ انتخابی مہم میں نواز شریف نے عوام سے وعدے کیے تھے ۔نواز شریف عوام سے جھوٹے اور کھوکھلے وعدے نہیں کرتے۔ یہ وعدہ تکمیل کو پہنچا اور اللہ تعالیٰ نے شہباز شریف کو سرخرو کیا۔
انہوں نے کہا کہ 2018 سے 2022 تک تحریک انصاف کی حکومت میں ملک کیساتھ جو ہوا، وہ سب جانتے ہیں۔ عمران خان چار سال ملک پرمسلط رہا اور ملک کا بیڑا غرق کرکے گیا، بجلی کا ریٹ 45روپے ہم نے نہیں، انہوں نے پہنچایا تھا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ دوسروں کو چور کہنےوالے آج ایک دوسرے کو چور کہہ رہے ہیں۔ جو ملک کیساتھ وفادار نہیں ہوسکتے، وہ کسی کیساتھ وفاداری نہیں کر سکتے۔ جو ملک توڑنا چاہتے تھے آج ان کی پوری جماعت ٹکڑے ٹکڑے ہوچکی ہے۔