امریکہ سے آئے وفد کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا معاملہ ،وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹرطارق فضل چودھری نے اندر کی خبر دے دی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران طارق فضل چوہدری سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکہ سے آئے وفد کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی گئی یا صرف ایک شخص کی؟جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تفصیل سے لا علم ہوں لیکن بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقاتیں کھلی ہیں۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کو یہ حق حاصل ہے کہ پاکستان میں آئیں ،لوگوں سے ملیں ، سیاست کریں اگر حکومت کی جانب سے انہیں کوئی تعاون درکار ہے ہو تو وہ بھی کرنے کے لیے تیار ہیں ۔
پاکستان کے شہری کسی بھی ملک میں ہوں یہ ان کا اپنا وطن ہے،جب چائیں آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بعض لوگ ریاست، ریاستی اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے سے نہیں کتراتے، ان کا یہ رویہ ناقابل برداشت ہے، مجھ سمیت ہر پاکستانی اس کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔
لوگوں کو بانی پارٹی سے ملنے نہیں دیا جاتایہ پی ٹی آئی کا بے بنیاد پروپیگنڈا ہے ، پی ٹی آئی کے اپنے اندورنی اختلافات ہیں ایک گروہ دوسرے کا راستہ روکتا ہے۔ طارق فضل نے مزید کہا کہ ہر ملک کے اپنے اندرونی معاملات ہوتے ہیں، کوئی دوسرا ملک کسی ملک پر دباؤ ڈالتا ہے نہ ڈال سکتا ہے۔