وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں خصوصی شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کا 8 تا 9 اپریل کو انعقاد کیا جائے گا جس میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر خصوصی شرکت کریں گے اور فورم سے خطاب کریں گے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کے علاوہ فورم میں اہم غیر ملکی شخصیات، وفاقی وزرا، سیکریٹریز، اعلیٰ سطح کے وفود، ایگزیکٹوز اور نمایاں میڈیا شخصیات کی بھی شرکت کریں گی، اعلیٰ سطح کے وفد میں امریکی وفد ایرک مائر کی سربراہی میں انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کرے گا۔
بیان کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار پہلے ہی پاکستان پہنچنا شروع ہو چکے ہیں، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی ڈپٹی ڈائریکٹر اور چین جیولوجیکل سروے کا وفد پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔ حکومت اور ایس آئی ایف سی کی مشترکہ کاؤشیں، معدنی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا اہم موقع ثابت ہوں گی۔
بیان کے مطابق فورم میں عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت، معدنیات کے شعبے میں ترقی کے نئے امکانات پیدا ہونے کا امکان ہے، معدنیات کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے مؤثراستعمال پر تبادلہ خیال کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی شرکت کر رہے ہیں، جو اپنے تجربات شیئر کریں گے۔
بیان کے مطابق ریکوڈک سمیت اہم معدنی منصوبوں میں سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور حکومتی پالیسیوں پر اہم سیشنز، معدنی شعبے کے لیے ترقیاتی منصوبوں، معدنی ذخائر کو پائیدار ترقی کے لیے بروئے کار لانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے لیے خطے کا نیا تجارتی اور معاشی مرکز قرار دیا جا رہا ہے، ایس آئی ایف سی کی معاونت سے اس فورم کے انعقاد کے ذریعے حکومت معدنیات کے شعبے کی ترقی سے معاشی استحکام کے لیے کوششیں تیز ہوں گی۔