پاکستان کو پانی کی فراہمی روکنے کے فیصلے کے بعد بھارتی سرکار اب بنگلہ دیش کو بھی پانی بند کرنے کی دھمکی پر اتر آئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ نشیکانت دوبے نے پہلگام حملے کی آڑ میں سندھ طاس معاہدہ کی معطلی کے بعد بنگلہ دیش کو بھی پانی کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نشیکانت دوبے نے 1996 میں کانگریس کے دورحکومت میں بھارت اور بنگلہ دیش کےمابین ہونے والے گنگا پانی کے معاہدے پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ اُس وقت کی کابینہ نے بنگلہ دیش کے ساتھ گنگا کے پانی کا معاہدہ کر کے بڑی غلطی کی تھی ۔
انہوں نے پڑوسی ممالک کو پانی کی فراہمی پر سوال اٹھائے اور کہا کہ ہم کب تک سانپوں کو پانی دیتے رہیں گے؟ اب وقت آگیا ہے کہ انہیں ختم کیا جائے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ نشیکانت دوبے نے پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ممالک کے ساتھ بھارتی سرحدوں پر سکیورٹی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔