بھارت نے عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری کے بھی’ایکس اکاؤنٹس‘ تک رسائی بند کر دی

بھارت نے عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری کے بھی’ایکس اکاؤنٹس‘ تک رسائی بند کر دی

بھارت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اور پیپلز پارٹی پاکستان (پی پی پی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ’ایکس اکاؤنٹس‘ تک رسائی بند کردی۔

یہ بھی پڑھیں:بیانیے کی جنگ میں پاکستان کی واضح برتری، پاکستانی ملی نغمہ بھارتی یوٹیوب چینلز پر نشر

بھارت میں پاکستان کے دونوں رہنماؤں کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے والے صارفین کو ایک پیغام نظر آتا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ ’ قانونی وجوہات اور حکم کے مطابق مطلوبہ اکاؤنٹ بند کر دیا گیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اکاؤنٹ بلاک کرنے کے بھارتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، وہ ایسے حربوں سے کسی کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا یہ اقدام بلاول بھٹو زرداری کے پہلگام واقعے پر واضح اور جرات مندانہ مؤقف ہے جو انہوں نے بین الاقوامی برادری کے سامنے پیش کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا ایکس اکاؤنٹ بھارت میں بلاک

بلاول ہاؤس کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بلاول بھٹو زرداری سے خوفزدہ ہیں۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ بھارت ایک غیر جمہوری ملک ہے اور اس کے وزیر اعظم انتہائی بزدل شخص ہیں۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کے بیانیے نے بھارتی وزیر اعظم کو پریشان کر دیا اور یہ بلاول بھٹو زرداری ہی تھے جنہوں نے سب سے پہلے گجرات کے قصائی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا بلاول بھٹو زرداری نے نریندر مودی کو اس کا جنگی جنونی ذہنیت کا آئینہ دکھایا ہے۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد سے بھارتی حکومت نے حکومت پاکستان، نیوز چینلز، کنٹنٹ رائٹرز، فلمی ستاروں، کھلاڑیوں اور صحافیوں کے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا ہے۔ ان اکاؤنٹس کو یوٹیوب، ایکس اور انسٹاگرام پر بلاک کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں فروری 2024 سے ٹوئٹر پر پابندی عائد ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *