جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھارتی جارحیت کے خلاف کل ملک بھر میں دفاع وطن منانے کا اعلان کیا ہے۔
جے یو آئی (ف) نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ کل 9 مئی بروز جمعہ یوم دفاع منایا جائے گا، مولانا فضل الرحمان نے اپیل کی ہے کہ علما جمعہ کے اجتماعات میں بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کروائیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپنے وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دیں گے، وطن کے دفاع کیلئے ہم سب ایک ہیں، ہماری بہادر فوج جرات کے ساتھ دشمن کے سامنے کھڑی ہے، پوری قوم ان کی پشت پر ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ نے مزید کہا کہ وطن کا دفاع فرض بھی اور ہمارا ایمانی حق بھی ہے، قوم دشمن کی ہرجارحیت کا جواب دینے کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔