اسلام آباد: پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر جھوٹی خبروں کا سہارا لیتے ہوئے پاکستان کی جانب سےبھارت پر میزائل حملے کا الزام لگایا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی پنجاب میں میزائل فائر کیا گیا، تاہم حقائق اس کے برعکس ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ میزائل حملے کا ڈرامہ بھی پہلگام فالس فلیگ کی طرز پر رچایا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا پر دکھائے جانے والے مناظر میں زمین پر پڑے میزائل پروجیکٹائل کے نیچے کی گھاس تک متاثر نہیں ہوئی، جو اس جعلی حملے کا ثبوت ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی میڈیا اپنی فوج اور حکومت کی شکست کو چھپانے کے لیے پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا، مودی حکومت کے اُس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت بھارتی سکھ برادری کو پاکستان کے خلاف ورغلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ پہلے ہی یہ خدشات موجود تھے کہ مودی سرکار بھارتی پنجاب میں فالس فلیگ آپریشن کرکے اس کا الزام پاکستان پر ڈال سکتی ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی کو قومی فخر سمجھتا ہے اور دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔