اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب کے کسی شہری علاقے میں کوئی کارروائی نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی سرزمین سے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے والے کئی مسلح ڈرونز کو پاک فوج نے مار گرایا۔ بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔
نائب وزیراعظم اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک کے طور پر ہر ممکن اسٹریٹیجک احتیاط کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ تاہم پاکستان بھارتی جارحیت کا اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے پانچ جنگی طیاروں کو مار گرایا۔ قوم کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سے آنے والی ہر شے کو مانیٹر کر رہا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی فوج نے امرتسر میں خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ آدم پور سے پروجیکٹائل بھی خود بھارت نے فائر کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ گرائے گئے بھارتی ڈرونز کا فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے اور بھارت کی کسی بھی قسم کی جارحیت کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کو بے وقوف بنانا بند کرے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آخر کب بھارت اپنے سینما کی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں آئے گا؟ انہوں نے بھارتی میڈیا پر نشر کی جانے والی جعلی تصاویر اور ویڈیوز کو بھی مسترد کر دیا اور کہا کہ بھارت کے پندرہ مقامات پر پاکستانی حملوں کی خبریں جھوٹ کا پلندہ ہیں۔