لاہور:وزیر اعظم شہباز شریف نے جاتی امرا ء رائے ونڈ میں ن لیگ کے صدر نواز شریف سے تفصیلی ملاقات کی۔
اس ملاقات میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، ملکی سلامتی، اہم داخلی، خارجی امور پر تبادلہ خیال سمیت قومی یکجہتی کو قائم رکھنے کیلئے سیاسی صورتحال پر غورکیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات میں نوازشریف کو غیر ملکی وفود اور رہنماؤں سے ہونے والی گفتگو اور ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔ جاتی امراء رائے ونڈ میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان اور پوری قوم نے یہ جنگ لڑی، اس کی مثال کہیں نہیں ملتی، عوام کی ثابت قدمی ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی صورتحال سے متعلق بھی نوازشریف کو آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت کی سخت مخالفت اور کوششوں کے باوجود آئی ایم ایف نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قرض کی قسط جاری کی۔
ن لیگ کے صدر نوازشریف نے شہباز شریف کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مزید ریلیف دینے کیلئے بھر پور اقدامات کئے جائیں، اللہ کا شکر ہے ہر میدان میں پاکستان کو ترقی مل رہی ہے۔
پاک بھارت جنگ میں ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا، پاکستان کی پارلیمنٹ نے بھی نہایت مثبت اور توانا کردار ادا کیا۔