راولپنڈی۔ سیکورٹی فورسز نے 17 اور 18 مئی 2025 کو، بلوچستان میں دو الگ آپریشنز میں بھارتی پراکسی نام نہاد بلوچ لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سپانسر شدہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے گشکور میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سپانسر دہشت گرد یونس مارا گیا جبکہ دو بھارتی سپانسر دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تربت شہر، ضلع کیچ میں ایک اور آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے کامیابی کے ساتھ دو بھارتی سپانسر دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ مارے جانے والوں میں دہشت گرد سرغنہ صابر اللہ اور دہشت گرد امجد بیچو شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے ہندوستانی سپانسر شدہ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز کیے جا رہے ہیں ۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر، بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی پراکسیوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔