راولپنڈی۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت ضلع میں انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
اسی نوعیت کا دوسرا آپریشن بنوں میں کیا گیا جہاں مزید دو دہشتگرد مارے گئے۔
ادھر شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں نے گھات لگا کر سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا۔ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان سپاہی فہد علی طوری اور لانس نائیک صابر آفریدی شہید ہو گئے۔