غیر فعال پاور پلانٹس کی نیلامی کے دوسرے مرحلے کا آغاز

غیر فعال پاور پلانٹس کی نیلامی کے دوسرے مرحلے کا آغاز

وزارت پاور ڈویژن کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سرکاری پاور جنریشن کمپنیوں (جی این سی اوز) نے فرسودہ اور غیر آپریشنل پاور پلانٹس کی مرحلہ وار نیلامی کے عمل کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔

وزارت توانائی کے ترجمان کے مطابق جینکو ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جی این سی اوز اور نیسپاک کی جانب سے جے پی سی ایل (جینکو ون) اور این پی جی سی ایل (جینکو ٹو) کے پلانٹس کے لیے بولیوں کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کے لیے خوشخبری ، 4 پاور پلانٹس ٹیرف کمی پر رضامند

پہلے مرحلے میں کامیاب بولیوں کے بعد جے پی سی ایل، سی پی جی سی ایل اور این پی جی سی ایل کے تحت اضافی پاور پلانٹس کو اب دوسرے مرحلے میں نیلامی کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غیر فعال اثاثوں کی فروخت کے ذریعے مالی وسائل کے استعمال کو بہتر بنانا ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی صرف ایک کمپنی صدیق اینڈ سنز کمپنی نے جامشورو جے پی سی ایل پلانٹ کے لیے بولی جمع کرائی۔ مظفر گڑھ اور فیصل آباد میں واقع پاور پلانٹس کے لیے کوئی بولی موصول نہیں ہوئی۔

نیلامی کے اشتہارات 17 اپریل 2025 کو قومی اخبارات اور 19 اپریل کو بین الاقوامی روزنامہ خلیج ٹائمز میں شائع ہوئے۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بولی لگانے کے عمل میں ’سنگل اسٹیج، دو لفافہ‘ کے طریقہ کار پر عمل کیا گیا۔ سی پی جی سی ایل کے تحت گڈو پاور پلانٹس کے لیے بولی وصول کرنے اور کھولنے کی تاریخ 30 مئی 2025 تک بڑھا دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:چین کا پاکستان کو 3 پاور پلانٹس مقامی کوئلے پر چلانے کیلئے گرین سگنل

مجموعی طور پر 29 پاور پلانٹس نیلامی کے لیے رکھے گئے ہیں۔ ان پلانٹس کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4,074 میگاواٹ ہے اور ان کی ریزرو قیمت 40,661 ملین روپے ہے۔ نیلامی میں جامشورو، گڈو، مظفر گڑھ، کوئٹہ اور فیصل آباد میں واقع مختلف بلاکس اور یونٹس شامل ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *