حکومت نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی

حکومت نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دیدی گئی۔

اجلاس میں حکومت پاکستان نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد جنرل عاصم منیر پاکستان کے دوسرے فیلڈ مارشل ہوں گے۔ اس سے قبل جنرل محمد ایوب خان کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا۔ کابینہ اجلاس میں ائیر مارشل ظہیر احمد بابر کی خدمات جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ شرکاء نے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا اور قومی دفاع میں ان کے کردار کو اہم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہیش ٹیگ ’’فیلڈمارشل فاتح حق عاصم منیر ‘‘ایکس پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ وطن کے دفاع میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ فیلڈ مارشل کے عہدے کی منظوری ملکی تاریخ کا ایک اہم اور غیرمعمولی قدم ہے۔

فیلڈ مارشل کے اعلیٰ ترین فوجی عہدے پر ترقی پانے کے بعد جنرل سید عاصم منیر نے اپنے بیان میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور اس اعزاز کو پوری قوم اور افواجِ پاکستان کے نام وقف کر دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے بیان میں کہاکہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص طور پر سول اور ملٹری شہداء اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔

انہوں نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے، جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان کیے جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی میرے لیے صرف انفرادی اعزاز نہیں، بلکہ یہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے وقار کا اعتراف ہے۔ یہ اعزاز انفرادی نہیں، قومی ہے۔ میں اپنی عظیم قوم کا شکر گزار ہوں جس نے ہمیشہ اپنی افواج پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کے بعد عاصم منیر پاکستان کی تاریخ میں جنرل محمد ایوب خان کے بعد دوسرے فیلڈ مارشل بن گئے ہیں۔ ان کا یہ بیان نہ صرف ان کے عزم اور جذبے کا عکاس ہے بلکہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور عوام کے اتحاد کا بھی مظہر ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *