ویب ڈیسک۔ جنرل سید عاصم منیر کو پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی رینک فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے کے بعد بھارتی میڈیا میں شدید بوکھلاہٹ اور بےچینی پیدا ہوگی ہے۔ بھارتی میڈیا نے اپنے روایتی اوچھے انداز میں ایک بار پھر جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جنرل عاصم منیر نے خود کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی ہے، جو کہ حقیقت کے بالکل برعکس ہے۔ درحقیقت، یہ فیصلہ پاکستان کی وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں اتفاقِ رائے سے کیا، جس میں کسی بھی رکن نے اس فیصلے کی مخالفت نہیں کی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، جنرل عاصم منیر کو یہ اعزاز ان کی غیر معمولی عسکری خدمات، قیادت، اور قومی سلامتی میں اہم کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ ان کی قیادت میں آپریشن “بنیانُ المرصوص” سمیت متعدد قومی سطح کے اقدامات نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کا ردعمل صرف ایک حسد بھری ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، کیونکہ جنرل عاصم منیر کا تقرر نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ خطے میں بھی طاقت اور وقار کی علامت بن چکا ہے۔
اس فیصلے سے قوم اور افواجِ پاکستان کا مورال بلند ہوگا اور وہ مزید عزم و حوصلے سے وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی خدمات انجام دیں گے۔
پاکستانی عوام کی اکثریت نے اس فیصلے کو سراہا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی عوام کی جانب سے جنرل عاصم منیر کے حق میں حمایت اور بھارتی میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کے خلاف شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔