بلوچستان کے ضلع خضدار میں قومی شاہراہ پر زیرو پوائنٹ کے قریب سکول بس پر دھماکے کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 38 افراد زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خضدار میں اسکول بس پر حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید اور متعدد بچے زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حمایت یافتہ پراکسیز کی بلوچستان میں بزدلانہ کارروائی ،خضدار میں سکول جانے والے بچوں کی بس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ میدان جنگ میں بری طرح شکست خوردہ بھارت اس طرح کے گھناؤنے بزدلانہ واقعات کے پیچھے ہے ، بھارتی پراکسیز دہشت پھیلاکر بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بے چینی پیدا کررہے ہیں ، بھارتی سیاسی حکومت دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کررہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بنیادی انسانی قوانین کی خلاف ورزی اور انتہائی گھٹیا سوچ ہے ، اس بزدلانہ بھارتی اسپانسرڈ حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور ذمہ داروں کو شکارکرکے نشانہ عبرت بنایا جائے گا، بھارتی گھناؤنا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج بھارتی اسپارنسپردہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنائے گی ۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) خضدار نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں سکول کی بس تباہ ہو گئی، سکول بس میں سوار 4 بچے جاں بحق ہوئے ہیں، 38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ، پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی مذمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خضدار میں اسکول بس پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کا اسکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ ان کی بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشتگردوں نے اسکول بس پر حملہ کرکے درندگی کی تمام حدیں پار کرلیں، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
وزیراعظم نے دہشتگرد حملے میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر رنج و ملال، بچوں کے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے خضدار میں زخمی ہونے والے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ ان دہشت گردوں کے بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
پاکستان کے مستقبل، ننھے و معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے ان معصوم بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، سیکیورٹی فورسز اور حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم اور متحد ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کی مذمت
وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ دشمن نے بربریت کا مظاہرہ کر کے معصوم بچوں پر حملہ کیا، سکول بس پر حملہ دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔