وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے خضدار میں مصعوم بچوں کی اسکول بس کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ خضدار سے دہشتگردوں کا صفایا کرنے کے لیے سوات طرز کا آپریشن کرنا پڑا تو ضرور کریں گے، اب بات بچوں تک آگئی ہے تو جواب ضرور ملےگا، یہ کسی کے حقوق کی جنگ نہیں، بھارتی پراکسیز ہے، دہشتگردوں کو چن چن کر ماریں گے۔
بدھ کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشتگردوں کی جانب سے اسکول بس کو دھماکے سے اڑانے کے بعد 4 بچوں سمیت 5 افراد کی شہادت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ دہشتگرد افغانستان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال کر رہے ہیں، افغان حکومت نے دوحہ قطر میں پاکستان کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اسپانسرڈ دہشتگرد افغانستان میں ٹریننگ کر کے پاکستان خصوصاً بلوچستان میں دہشتگردی کر رہے ہیں، افغانستان کی طالبان حکومت نے پاکستان کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے لیکن اس کے باوجود آج افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارت کامکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے، پاکستانی قوم اور فوج متحد ہیں، دہشتگردوں کا کوئی قوم اور قبیلہ نہیں ہے، یہ کسی کے حقوق کی جنگ نہیں بلکہ بھارت کی پراکسیز ہیں، بھارت سرحدوں پر شکست کھانے کے بعد اب پاکستان کے معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ اب بہت ہوگیا، دہشتگردوں کو چن چن کر ماریں گے، یہ ریاست اب ہارڈ اسٹیٹ بنے گی، آج بلوچستان کے عوام سے وعدہ ہے کہ بلوچستان میں اب امن لوٹے گا، معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بھارت کی بزدلی ہے۔ ریاست نے ہمیشہ ماں کا کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے اپنے عوام کو یقین دلایا کہ معصوم بچوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اگر آج ہم چاہیں تو خضدار سے لوگوں کی نقل مکانی کروا سکتے ہیں اور یہاں پر دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لیے سوات طرز کا آپریشن کر سکتے ہیں۔ جو لوگ ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں انہیں ویلکم کریں گے۔ قومی دھارے میں وہ شامل ہوتا ہے جو خود سرنڈر کرتا ہے، سرنڈر کرنے والوں کے لیے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 280 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، بدھ کو بس میں 44 بچے سوار تھے جنہیں دہشتگردوں نے نشانہ بنایا ہے، بزدل دہشتگرد ہمیشہ سافٹ ٹارگٹ ڈھونڈتے ہیں۔