پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مالی سال 2025-26 کے بجٹ پر مشاورت آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اورآئی ایم ایف
نے سرکاری اداروں کی نجکاری کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو دی گئی تفصیلی بریفنگ میں، پاکستانی حکام نے تصدیق کی کہ حکومتی ملکیتی اداروں کی رائٹ سائزنگ دسمبر 2025 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔
اسی حوالے سے ذرائع نے انکشاف کیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کو رواں سال کے اندر حتمی شکل دینے کی امید ہے۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی نجکاری کے لیے ایک فنانشل ایڈوائزر کا تقرر کیا گیا ہے، جس کا ہدف دسمبر 2025 تک مکمل کرنا ہے۔ دوسرے مرحلے میں حیدرآباد، سکھر اور پشاور پاور کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی۔
نجکاری کمیشن نے یہ بھی انکشاف کیا کہ نندی پور پاور پلانٹ کی نجکاری جنوری 2026 میں ہونے والی ہے۔ نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل کے لین دین کے ڈھانچے پر کام جاری ہے۔ دریں اثنا، فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن (HBFC) کی نجکاری میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔