پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے سندھ بھر میں احتجاجی مارچ کا اعلان کیا ہے۔ مارچ 23 سے 25 مئی تک کراچی سے شروع ہوگا اور سکھر میں اختتام پذیر ہوگا۔ پی ٹی آئی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کی شرکت متوقع ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اور سندھ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ 23 مئی کو نماز جمعہ کے بعد سہراب گوٹھ سے شروع ہوگا، شرکا حیدرآباد اور نواب شاہ سے ہوتے ہوئے 25 مئی کو سکھر پہنچیں گے۔ سکھر میں جلسہ عام ہوگا جس میں مرکزی اور صوبائی رہنما تقاریر کریں گے۔
فردوس شمیم نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ احتجاجی مارچ مکمل طور پر پرامن ہوگا۔ تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر حکام نے مارچ کو روکنے یا شرکا کے خلاف ریاستی مشینری استعمال کرنے کی کوشش کی تو وہ موقع پر دھرنا دیں گے۔