یونان کے جنوبی جزیرے کریٹ میں 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد سونامی کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونان کے متعدد جزائر میں آج صبح 6.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کے باعث مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا ، زلزلے کا مرکز کریٹ کے ساحلی علاقے ایلونڈا سے تقریباً 36 میل دور تھا، جس کے بعد سونامی کے آنے کے خدشات نے مزید تشویش پیدا کردی ہے ۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے باعث ابھی تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم یونان کی فائر بریگیڈ کے مطابق کریٹ کے تمام دستے ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
یورپی مغربی بحیرہ روم سیسمولوجیکل سینٹر نے اس زلزلے کے بعد یونان، ترکی، اٹلی، فرانس اور پرتگال کیلئے سونامی کی وارننگ جاری کی ہے۔