پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری وفاقی سیکرڑی داخلہ کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کررہے ہیں ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر اور سیکرٹری داخلہ نے بھارت کی پراکسی وار کو فتنہ الہندوستان کا نام دیا۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ خضدار میں دہشتگردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ، یہ حملہ ہماری تعلیم اور روایات پر حملہ تھا ، ابتدائی تحقیقات کے مطابق خضدار حملے میں فتنۃ الہندوستان اور ملوث ہے۔
سیکرٹری داخلہ نےکہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، بلوچستان سمیت ملک بھرمیں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ خضدار میں 21 مئی کو فتنۃ الہندوستان نے بھارت کے حکم پربچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا،بلوچستان میں حملے کا واقعہ بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کی سرپرستی میں ہوا، فتنۃ الہندوستان جان بوجھ کر معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو نشانہ بنارہاہے، یہ بھارت کی دہشت گردانہ ظلم کی شکل ہے، ان حملوں میں کوئی بلوچیت، پاکستانیت نہیں۔۔‘
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت 20 سال سے ریاستی دہشت گردی کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے، مکتی باہنی کا قیام، سانحہ سقوط ڈھاکہ اس کی مثالین واضح ہیں، بھارت خطے کا امن سبوتاژ کر رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ‘سال 2009 میں حکومت پاکستان نے انڈین سپانسرڈ دہشت گردی کے شواہد پر مبنی ڈوزیئر شرمل شیخ کانفرنس میں انڈین وزیراعظم کو دیا تھا جو تاریخ کا حصہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ 2015 میں پاکستان نے انڈیا کی دہشت گردی کے شواہد اقوامِ متحدہ کو دیے، کلبھوشن یادیو کو یہاں گرفتار کیا گیا، انڈیا دہشت گردوں کو فنڈنگ فراہم کرتا رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ خضدار بچوں پر حملہ فتنہ الہندوستان کا مکروہ چہرہ ہے، کئی بچے ہسپتال میں زیر علاج ہیں، خضدار حملہ بھارتی ایما پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 12 اپریل 2024 میں مزدوروں کو شہید کیا گیا، 9 مئی 2024 میں سات حجاموں کو دوران نیند قتل کیا گیا، 10 اکتوبر 2024 کو دکی میں کوئلہ کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو شہید کیا گیا، 10 فروری 2025 کو کیچ میں 2 درزیوں کو فتنہ الہندوستان نے شہید کیا، 19 فروری 2025 کو بارکھان میں مزدوروں کو بس سے اتار کر شہید کیا گیا، 11 مارچ 2025 کو جعفر ایکسپریس پر حملے میں نہتے شہریوں کو شہید کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ 25 اپریل کو جہلم سے دہشت گرد گرفتار ہوا، دہشت گرد نے لاہور سے بلوچستان تک دہشت گردی کا اعتراف کیا، فتنہ الہندوستان جدید اسلحہ استعمال کرتے ہیں، جدید اور مہنگا اسلحہ انہیں کون خرید کردیتا ہے؟
انہوں نے بتایا کہ 21 مئی کو 6 معصوم پھولوں کو شہید کیاگیا، 51 معصوم بچے اپنی زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ ہےبھارت کا مکروہ چہرہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ بچوں، مزدوروں کو شہید کر رہے ہیں لیکن بلوچستان کےلوگوں کاعزم نہیں توڑ سکے، بھارت کی 20 سال کی اسٹیٹ اسپانسرڈ دہشت گردی کا ریکارڈ عوام کےسامنے رکھ رہےہیں، پکڑےگئےدہشت گردوں نے بتایا ہےکہ فتنہ الہندوستان کیسےپاکستان میں دہشت گردی کرتا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران بلوچستان میں شہید کیےگئے افرادکے لواحقین کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ یہ درندے ہندوستان کے پیسوں پر بربریت کرتے ہیں ، جعفر ایکسپریس حملے پر بھارتی میڈیا میں جشن منایا گیا ساری دنیا دہشتگرد حملوں پر مذمت کرتی ہے ، کونسا ملک ہے جو دہشتگرد حملوں پر جشن مناتا ہے ؟ معرکہ حق میں پاکستان نے دشمن کا منہ کالا کردیا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت میں آزاد میڈیا کا وجود ہی نہیں ہے، وہاں کا میڈیا اسٹیٹ کنٹرول کرتی ہے، کس نے بیٹھنا ہے، کس نے سُننا ہے، کس نے کیا بولنا ہے، آپ لوگ پاکستان میں میڈیا کی آزادی پر سوال اُٹھاتے تھے، ابھی آپ کو پتہ چلا کہ آپ کا میڈیا کتنا آزاد ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو بھارت نے بی ایل اے کے دہشت گردوں سے بیان جاری کرایا، بی ایل اے کے لوگ بھارتی ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہیں، کیا ہم بی ایل اے کی دھمکیوں سے ڈر جائیں گے؟ دہشت گردوں کے سامنے پاکستان کی مسلح افواج سینہ ٹھوک کر کھڑی ہیں۔
وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان کی تشکیل نو کردی
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان کی تشکیل نو کردی ہے ۔
نیوز بریفنگ میں ترجمان پاک فوج نے ماہ رنگ بلوچ کے حوالے سے بات کرتے کہا کہ ماہ رنگ بلوچ کااصل چہرہ سامنے آگیا ، وہ دہشتگردوں کی پراکسی ہے ۔