اسلام آباد۔ سینئر اینکر پرسن منصور علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک فوج نے آپریشن “بنیان مرصوص” کی کامیابی کے بعد اب بھارت کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے “معرکۂ حق” کو اگلے مرحلے میں داخل کرنے اور خضدار میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانے کا بدلہ لینے کے لیے “آپریشن معصوم” شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اپنے وی لاگ میں منصور علی خان نے دعویٰ کیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے حالیہ پریس کانفرنس میں بھارت کی پراکسی تنظیموں، خصوصاً بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)، کی بھارتی سرپرستی سے متعلق شواہد پیش کیے۔ پریس کانفرنس کے دوران بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات بھی میڈیا کے سامنے رکھی گئیں۔
منصور علی خان کے مطابق پاک فوج نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف “آپریشن معصوم” کے نام سے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ اس آپریشن کا مقصد دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنا اور پاکستان کے معصوم شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔