پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم اور ونڈے ٹیم کے کیپٹن محمد رضوان کو بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں بلے باز ہماری وائٹ بال ٹیم کا حصہ ہیں، تاہم کچھ شعبے ایسے ہیں جہاں انہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ٹیم کی کارکردگی کو مزید نکھاریں اور اس کے لیے بنگلہ دیش کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کاحامل ہے، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے رینکنگ بہتر کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے آئندہ سیریز کے مضبوط آغاز کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مسلسل اور سمارٹ کرکٹ کے ذریعے قومی ٹیم کی کارکردگی اور عالمی رینکنگ کو بہتر بنایا جائے گا۔
مائیک ہیسن نے ٹیم کے لیے اپنے وژن کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ دورے کا آغاز اچھے انداز میں کریں اور سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی رینکنگ کو بہتر بنائیں۔
انہوں نے اسٹار بلے بازوں بابر اعظم اور محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے وائٹ بال کھیل کا اہم کھلاڑی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور رضوان بہترین کھلاڑی ہیں اور ہماری وائٹ بال حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ تاہم کچھ شعبے ایسے ہیں جہاں انہیں بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور ہم ان پہلوؤں پر کام کر رہے ہیں۔
مائیک ہیسن، جنہیں حال ہی میں ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، نے جدید، تیز رفتار کرکٹ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک اچھی اور جارحانہ کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہمارا مقصد اس سطح کو پورا کرنا ہے۔ لیکن یہ صرف جارحانہ کرکٹ کے بارے میں نہیں ہے، ہمیں اسمارٹ کرکٹ بھی کھیلنی چاہیے۔
انہوں نے آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی جیت کے امکانات کے بارے میں بھی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اچھی تیاری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور عالمی سطح پر مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بارے میں بہت پرامید ہیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ میچوں پر تبصرہ کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے بین الاقوامی کرکٹ میں بنگلہ دیش ٹیم کی کارکردگی کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم بہت اچھی حریف ہے اور اچھی کرکٹ کھیلتی ہے۔ ہم انہیں ہلکے میں نہیں لے رہے ہیں۔