پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں امیر خان متقی نے سفارتی سطح پر تعلقات استوار کرنے پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان کی جانب سے سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور بتایا کہ افغانستان نے بھی ایسا ہی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اسے دوطرفہ تعلقات میں انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے 19 اپریل 2025 کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دورہ کابل کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا اور دونوں برادر ممالک کے مابین باہمی اعتماد قائم کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
علاقائی رابطوں کے لیے ازبکستان، افغانستان، پاکستان (یو اے پی) ریلوے لائن منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغان کے درمیان تعلقات میں پائی جانے والی سرد مہری ختم ہو گئی ہے، دونوں ممالک نے اپنے اپنے ملک کی جانب سے سفیروں کی تقرری کر دی ہے جبکہ افغان وزیر خارجہ عام متقی نے بھی دورہ پاکستان کا اعلان کیا ہے۔ افغان حکومت نے پاکستان میں اپنے سفیر کے تقرر کا اعلان اس وقت کیا ہے جب پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور کو سفیر کا درجہ دیا ہے۔