اسلام آباد کے تھانہ سمبل کی حدود میں اپر چترال سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ سیکٹر جی 13 ون میں پیش آیا جہاں نامعلوم شخص نے مقتولہ کو گولیاں مار کر قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی معلومات میں معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور مقتولہ کا جاننے والا تھا اور وہ مہمان کی حیثیت سے اس کے گھر آیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ثناء یوسف موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
واقعے کے بعد پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور قاتل کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔