کراچی میں 24 گھنٹوں میں 10ویں بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیئے گئے جبکہ زلزلے کے جھٹکوں میں ملیر جیل کی بیرکس کی دیوار وں میں دراڑیں پڑنے سے متعدد قیدی دیوار توڑ کرفرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پیر کو زلزلے کے جھٹکوں کے دوران ملیر جیل کی دیواروں میں دراڑیں پڑنے کے باعث کچھ قیدی جیل کی دیوار توڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث جیل کے بیرکس کی دیواروں میں دراڑ پڑ گئی تھی، کچھ قیدی جیل کی دیوار توڑ کر فرار ہوگئے۔
دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملیر جیل سے فرار ہونے والے 20سے زائد قیدیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ملیر جیل کے اطراف رات کو شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور ملیر کی گلیوں میں پولیس اور رینجرز کا آپریشن جاری اور منزل پمپ اور اطراف سے بھی قیدیوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق جو قیدی فرار ہونے وہ نشے کے عادی بتائے جارہے ہیں ،پولیس کا کہنا ہے کہ جیل میں ہزاروں قیدی موجود ہیں ،زلزلے کی وجہ سے قیدیوں میں خوف پھیل گیا جس کی وجہ سے وہ جان بچانے کیلئے بھاگے۔
دوسری جانب کراچی میں زلزلے کے جھٹکے لانڈھی شیرپاؤ، قائدآباد اور مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے جن کی شدت 2.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے رات 11 بجکر 16منٹ پر محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز ملیر میں 10 کلو میٹر کے قریب تھا۔ یہ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران دسویں بار زلزلہ آیا ہے۔
زلزلے کی وجہ سے کئی گھروں کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں اور شہری خوف کے مارے پارک میں آگئے۔ زلزلے کے جھٹکےآئندہ 2 روز تک محسوس کیے جاسکتے ہیں۔ کراچی میں زلزلے کے جھٹکے کیوں محسوس کیے جا رہے ہیں؟
چیف میٹرو لوجسٹ امیر حیدر کا کہنا تھا کہ یہ زلزلے کے جھٹکے لانڈھی فالٹ ریجن میں آرہے ہیں، یہ زلزلے کے معمولی جھٹکے ہیں، اس فالٹ لائن پر آج تک بڑے زلزلہ کے جھٹکے نہیں آئے ہیں، کراچی کی دوسری فالٹ لائن تھانہ بولا خان کے قریب ہے، یہ دونوں متحرک فالٹ لائن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان دنوں میں معمولی شدت کے زلزلے رپورٹ ہوتے ہیں، کیرتھر کے قریب بھی مین باؤنڈری لائن ہے، یہاں معتدل شدت کی زلزلے رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، فالٹ لائن کو معمول پر آنے میں چند روز لگ سکتے ہیں، اس فالٹ لائن پر آئندہ چند روز تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔