اسلام آباد پولیس نے 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قاتل کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد پولیس نے 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قاتل کو گرفتار کرلیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قاتل کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے تکنیکی آلات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا اورآلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق پنجاب سے ہے اور رات گئے اسے گرفتار کیا ہے جبکہ  ملزم کا ٹک ٹاکر کے ساتھ رابطہ تھا، ابتدائی تفتیش میں قتل کی وجہ ذاتی رنجش بتائی جارہی ہے۔

ثنا یوسف کو گذشتہ روز اسلام آباد میں ان کے گھر کے اندر قتل کیا گیا جہاں وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔

 پولیس کی جانب سے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں معروف ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل

قبل ازیں اسلام آباد کے سیکٹر جی-11 میں ٹک ٹاک اسٹار ثناء یوسف کے قتل کے بعد پولیس نے ان کی والدہ کی مدعیت میں  مقدمہ درج کیا تھا۔

مقتولہ کی والدہ کی جانب سے درج ایف آئی آر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے وقت ان کے شوہر گھر پر موجود نہیں تھے بلکہ صرف وہ خود، ان کی نند اور ان کی بیٹی ثنا یوسف گھر پر تھیں اور  وہ سامنے آنے پر ملزم کو شناخت کرسکتی ہیں ۔

اس مقدمے کے تفتیشی افسر کے مطابق مقتولہ کے والدین اور اس کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ ثنا یوسف کو سوشل میڈیا انفلوئنسر ہونے کی وجہ سے کبھی بھی ان کے رشتہ داروں یا کسی دوسرے فرد کی طرف سے کوئی دھمکیاں موصول نہیں ہوئی تھیں۔

یادرہے کہ سُمبل پولیس اسٹیشن کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز شام تقریباً 5 بجے پیش آیا جب ایک نامعلوم شخص ثناء یوسف  کے گھر میں داخل ہوا اور اُس پر فائرنگ کر دی،  حملہ آور نے دو گولیاں چلائیں جو ثناء کو سینے پر لگیں ، بعدازاں ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

ثناء کو فوری طور پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی موت کی تصدیق کر دی۔

یہ بھی پڑھیں : عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران  موسم کیسا رہے گا ؟

ثنا یوسف  کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چترال سے تھا لیکن ان کا خاندان کچھ عرصے سے اسلام آباد میں مقیم تھا، ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 81 ہزار فالوورز ہیں۔

گذشتہ روز ثنا یوسف کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کی سالگرہ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی تھی، جس میں انھیں اپنے دوستوں کے ساتھ سالگرہ مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ان کی زیادہ تر ویڈیوز میں وہ اپنی دوستوں کے ساتھ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر گھومتی اور کھانے سے لطف و اندوز ہوتی نظر آتی ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *