پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حالیہ انٹرویو میں عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ دہشت گردی کے مستقل خاتمے کے لیے اس کے بنیادی اسباب کو سمجھنا ہوگا، اور اس سلسلے میں مسئلہ کشمیر سب سے اہم اور بنیادی مسئلہ ہے۔
تفصیلاتکے مطابق چینی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے ک “دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیں اس کی جڑوں تک جانا ہوگا — اور کشمیر اس کا مرکزی نقطہ ہے۔ ہم سب مل کر اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ یہ تنازع اب نظر انداز نہیں کیا جا سکتا — نہ بھارت کی جانب سے، نہ ہی عالمی برادری کی جانب سے۔ کشمیری عوام کے لیے انصاف، بین الاقوامی قانون کے مطابق یقینی بنایا جانا چاہیے۔”
انہوں نے عالمی قوتوں کو باور کرایا کہ مسئلہ کشمیر کو مسلسل نظر انداز کرنا نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ دنیا بھر کے امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں، انسانی حقوق کی پامالیوں اور یکطرفہ اقدامات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پرامن مذاکرات، باہمی احترام اور عالمی قانون کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کا خواہاں ہے، اور یہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی قیادت میں واشنگٹن ڈی سی اور نیویارک میں مختلف سفارتی، سیاسی اور ابلاغی ملاقاتیں کر رہے ہیں، جن کا مقصد عالمی برادری کو بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں اور پاکستان کے اصولی مؤقف سے آگاہ کرنا ہے۔