محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی نئی لہر کے پیش نظر انتباہ جاری کر دیا ہے ، جس کے تحت عید کی چھٹیوں اور اگلے ہفتے کے دوران درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 جون سے ہوا کے زیادہ دباؤ کا سسٹم اثر انداز ہونا شروع ہو گا، جو 8 جون سے ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 5 سے 7 جون تک شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان میں 6 جون تک درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا جائے گا اور درجہ حرارت 7 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث میدانی علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے گرمی کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، زیادہ پانی استعمال کرنے، اور دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں یکم جون کو بھی درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔