پاور ڈویژن نے بجلی کے دو میٹر لگانے پر پابندی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ایسی خبریں عوام میں بے چینی پھیلانے کی مذموم کوشش ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ رہائشی جگہ پر دوسرا میٹر آج بھی مروجہ قوانین کے مطابق حاصل کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ وہ جگہ علیحدہ پورشن، داخلی راستہ، سرکٹ اور کچن پر مشتمل ہو۔
پاور ڈویژن کے مطابق ایسی جھوٹی معلومات پھیلانا اور شیئر کرنا پیکا ایکٹ کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بجلی کے میٹرز کے درست اور شفاف استعمال میں تقسیم کار کمپنیوں سے تعاون کریں، کیونکہ بجلی کے ناجائز استعمال اور سبسڈی کے غلط فائدے کو روکنے کے لیے قوانین پہلے سے موجود اور مکمل طور پر نافذ العمل ہیں۔