خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی پولیس فورس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ تجویز آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گریڈ 1 سے 16 تک کے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ وہ پنجاب پولیس کے برابر ہو سکیں جبکہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کو خصوصی الاؤنس میں اضافے کی سہولت دی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ قبائلی اضلاع میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 16 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس رقم سے وہاں پولیس فورس کو جدید ساز و سامان اور بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے، اور تنخواہوں میں اضافہ پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بلند کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فنڈز کی فراہمی سے قبائلی اضلاع میں پولیس کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور جدید اسلحہ بھی خریدا جائے گا۔