ایران نے اسرائیل پر سپر سانک میزائلوں سے تازہ حملہ شروع کر دیا ہے۔ ایک میزائل جنوبی اسرائیل میں گھر پر لگا۔ تل ابیب کے علاقے کارمل میں بھی میزائل سے نقصان پہنچا اور میزائل گرنے کی جگہ پر آگ لگ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی میزائل حملے سے ساحلی علاقے میں دو رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ اسرائیل کے جنوبی ضلع میں بھی ایک رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس اور شمالی ضلع میں میزائلوں کے ٹکڑے گرنے سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی ہے۔
اسرائیل کے ساحلی علاقے حیفہ میں بھی دھماکے کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے۔ ایرانی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک میزائل اسرائیل کے بن گورین ایئر پورٹ پر بھی لگا ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے ایران سے آنے والے متعدد ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جلد ایک اور ایرانی میزائل حملے کا خدشہ ہے جس کے بعد اسرائیل بھر میں شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ایرانی فوج نے کہا ہے کہ تمام اسرائیلی آبادکار فوری طور پر مقبوضہ علاقے خالی کر دیں۔ ایرانی فوج نے بیان دیا ہے کہ ہم اسرائیل کا کوئی کونا رہنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے۔
ایرانی میڈیا نے بتایاکہ سیکڑوں میزائل داغ کر یہ کارروائی اسرائیل کے وحشیانہ حملے کے فیصلہ کن جواب میں کی گئی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ہزاروں افراد نے شیلٹروں میں پناہ لے رکھی ہے، حیفہ دو عمارتوں میں میزائل لگنے سے آگ بھڑک اٹھی اور کئی افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے، ان حملوں میں 4 اسرائیلی زخمی ہوئے۔ مقبوضہ بیت المقدس ڈسٹرکٹ اور شمالی ضلع میں میزائلوں کے ٹکڑے گرنے سے کئی مقامات پرآگ لگ گئی۔