ویب ڈیسک: بھارت میں سیاسی درجہ حرارت ایک بار پھر بلند ہو گیا ہے، جب اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے بی جے پی اور اس کے حامیوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
کانگریس کی ترجمانسپریا شرینیت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر بی جے پی کے حامیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ “تمہارے انکل (ڈونلڈ ٹرمپ) نے اٹھارہویں بار کریڈٹ لے لیا ہے!”
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود یہ واضح کیا ہے کہ سیز فائر تجارت کے بدلے کرایا گیا، لیکن مودی جی اب بھی ’میوٹ‘ (خاموش) ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مودی سرکار ہر شعبے میں رسوا و ناکام، بھارت خواتین کے لیے دنیا کا غیر محفوظ ترین ملک قرار
سپریا شرینیت نے بھارتی حکومت پر الزام لگایا کہ اس کی خارجہ پالیسی صرف تصویری نمائش اور نمائشی بیانات تک محدود ہے، جبکہ عالمی سطح پر اہم فیصلے کہیں اور کیے جا رہے ہیں۔
کانگریس اس سے قبل بھی وزیراعظم مودی پر امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر غیر واضح اور مبہم پالیسی اپنانےکے باعث تنقید کر چکی ہے، تاہم اس بار اپوزیشن نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے براہ راست بی جے پی حامیوں کو نشانہ بنا کر سیاسی ماحول کو مزید گرما دیا ہے۔